ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل بندر روڈ پر رکشہ ڈرائیور پر حملہ کا معاملہ؛ شرالکوپہ پہنچ کر پولس نے کیا 4 ملزمین کو گرفتار

بھٹکل بندر روڈ پر رکشہ ڈرائیور پر حملہ کا معاملہ؛ شرالکوپہ پہنچ کر پولس نے کیا 4 ملزمین کو گرفتار

Sat, 13 May 2017 00:50:30    S.O. News Service

بھٹکل 12؍مئی (ایس او نیوز)چند دن قبل بندر روڈ پر کارسے پیچھا کرتے ہوئے جن لوگوں نے اشرف ابراہیم نامی رکشہ ڈرائیور پر حملہ کیا تھااور رکشہ اپنے ساتھ لے کر فرار ہوگئے تھے ان میں چار ملزمین کو پولیس نے شیموگہ کے شیرالکوپہ کے قریب سے گرفتار کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ آٹو ڈرائیور پر حملہ کرنے کے بعد اس پر لڑکی کے ساتھ چھیڑ خانی کا الزام لگاتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کی گئی تھی جبکہ اشرف کی بیوی کی طرف سے حملہ آوروں کے خلاف کیس درج کیا گیا تھا۔ اشرف زخمی حالت میں تاحال اڈپی کے اسپتال میں زیر علاج ہے۔ دوسری طرف آٹو یونین والوں نے ڈرائیور پر حملے کو بڑی سنجیدگی سے لیا تھااور حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کے لئے پولیس پر مسلسل دباؤ بنائے رکھاتھا ۔ دو روز قبل ہی پولیس کے اعلیٰ افسران کو آٹو یونین کے ذمہ داران نے الٹی میٹم بھی دیا تھا کہ اگر سنیچر تک حملہ آوروں کو گرفتا ر نہیں کیا گیا تو پھر سوموار کے دن آٹو والے ہڑتال کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن کے سامنے دھرنے پر بیٹھ جائیں گے۔

غالباً احتجاج کو دیکھتے ہوئے پولس نے فوری کاروائی کی اور شیرالکوپہ پہنچ کر چار ملزموں کو گرفتار کیا جن کی شناخت بدریہ کالونی کے رہنے والے عبدالرحمن (25)، ضیاء شیخ (24)، عبدالمجید (25) اور عمر اسٹریٹ کے بلال احمد (25) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ پولس نے ان چاروں کو بھٹکل پولس اسٹیشن میں لانے کے بعد عدالت میں پیش کیا اور عدالت نے ان چاروں کو عدالتی حراست میں بھیج دیا۔

 


Share: